سوچ کی پہنچ سے زرا ہٹ کے
دل کے کچھ معاملات ہوتے ہیں
ایک نقطہ میں سمٹ جاتے ہیں
موجب کائنات ہوتے ہیں
ان کی منزل کا پتا کیا کیجئے
جو سفر تا حیات ہوتے ہیں
آج جو ہیں وہ کل نہیں ہوں گے
لوگ بھی واقعات ہوتے ہیں
جن پہ کوئی بھی لب کشا نہ ہو
ایسے کچھ موضوعات ہوتے ہیں
یہ نہ کہیے کہ کچھ نہیں ہوگا
عشق میں معجزات ہوتے ہیں